قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے سلیکٹر و عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کی جانب سے اپنے ان فٹ ہونے کے بیان کو مسترد کر دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے ایک مرتبہ پھر فٹنس سے متعلق سنسنی خیز بیان دے دیا ہے، جس کی وجہ سے وہ ایک بار پھر خبروں کی زینت بننے ہوئے ہیں۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں سلیکٹر و عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کی جانب سے اپنے ان فٹ ہونے کے حوالے سے دئیے گئے بیان کو مسترد کر دیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر کا کہنا ہے کہ میں مکمل طور پر فٹ اور میچ کھیلنے کے لئے تیار ہوں، جنوبی افریقا سے سیریز میں فٹنس مسائل کی وجہ سے شامل نہ کرنے کا جو تاثر دیا گیا ہے وہ درست نہیں ہے۔ میں چیمپئینز کپ کھیل رہا ہوں، اگر موقع ملا تو پاکستان ٹیم کی نمائندگی بھی ضرور کروں گا۔
انہوں نے سرفراز احمد کی کپتانی میں جیتے ٹائٹل چیمپئینز ٹرافی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 2017 میرے کیرئیر کا آغاز تھا اور ہم نے ٹائٹل جیتا تھا، اب کوشش ہو گی کہ آئندہ سال شیڈول چیمپئینز ٹرافی کے لئے دوبارہ ٹیم میں شامل ہو کر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکوں۔
یاد رہے کہ سابق کپتان اور بیٹر بابر اعظم سے متعلق بیان دینے کی وجہ سے قومی ٹیم کے اوپنر کی مشکلات کا آغاز ہوا تھا، بعد ازاں انہیں سینٹرل کنٹریکٹ اور پھر فٹنس مسائل کے سبب قومی ٹیم سھے باہر کر دیا گیا تھا۔