امریکا سے تعلق رکھنے والے سیریل ریکارڈ ساز ڈیوڈ رش نے 30 سیکنڈ میں چاپ اسٹکس سے سب سے زیادہ غبارے پھاڑ کر یہ ریکارڈ قائم کیا۔
سیریل ریکارڈ ساز ڈیوڈ رش اس عمل کے دوران متعدد غبارے گنتی سے نکالے جانے کے باوجود یہ عالمی ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہے اور یوں اپنے ریکارڈز میں ایک اور اہم کامیابی کا اضافہ کر لیا۔
امریکا کی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش ( جو بیک وقت سب سے زیادہ گینیز ورلڈ ریکارڈ رکھنے کا ٹائٹل بھی رکھتے ہیں ) نے اس بار 30 سیکنڈ میں سب سے زیادہ غبارے پھاڑنے کا چیلنج اٹھایا تھا اور اس مرتبہ ان کو نیا ریکارڈ قائم کرنے کے لئے چاپ اسٹکس کے ساتھ غبارے پھاڑتے ہوئے 15 کا ہندسہ عبور کرنا تھا۔
ڈیوڈ رش کا اپنی اس کوشش کے متعلق کہنا ہے کہ اس دوران کچھ چیزیں منصوبے کے مطابق نہیں ہو سکیں۔ ان کی اس کوشش کے دوران ایک غبارے کو یہ کہہ کر ناقابل قبول قرار دے دیا گیا کہ وہ وقت ختم ہونے کے بعد پھاڑا گیا ہے جبکہ دو غباروں کو ایک غبارے کے ساتھ پھٹنے کی وجہ سے گنا ہی نہیں گیا، تاہم ان سب کے باوجود یہ تجربہ ناقابل فراموش رہا۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ کے منتظمین کی طرف سے اتنے غباروں کو گنتی میں نہ لائے جانے کے باوجود ڈیوڈ رش نے 28 غبارے پھاڑ کر یہ عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔