سعودی عرب فٹبال ورلڈکپ

سعودی عرب فٹبال ورلڈکپ 2034 کی میزبانی کرے گا

جدہ (امیر محمد خان سے )فیصلہ ہوگیا، سعودی عرب فٹبال ورلڈکپ 2034 کی میزبانی کرے گا.
فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی سعودی عرب کو مل گئی۔ بدھ 11 دسمبر 2024 کو فیفا کے صدر نے اس کا باضابطہ اعلان کردیا۔
یہ بھی اعلان کیا گیا کہ ورلڈ کپ 2030 کی میزبانی سپین، پرتگال اور مراکش مشترکہ طور پر کریں گے۔ ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کا واحد امیدوار سعودی عرب تھا۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹبال( فیفا) کے زیورخ میں ہونے والے غیرمعمولی جنرل اسمبلی اجلاس میں دو ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے ممالک کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔
ریاض میں درعیہ اور بلیو ارڈ سٹی میں ورلڈ کپ کی میزبانی کا اعلان سننے کےلیے بڑی سکرینیں نصب تھیں جہاں ہزاروں افراد اس تاریخی لمحے کے منتظر رہے۔
سعودی عرب میزبانی کے اعلان کے تاریخی لمحے کا منتظر تھا اور دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔
فیفا کے صدر جیانی انفینٹینونے کہا ’دنیا تنازعات اور جنگوں سے گزر رہی ہے لیکن صرف فٹبال ہی لوگوں کو اکٹھا کرسکتی ہے۔‘
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ’ ورلڈ کپ 2034 شاندار ہو گا اور تمام فیڈریشنز کے اتفاق رائے پرخوشی ہے۔
فٹبال ورلڈ کپ سپورٹس کا سب سے بڑا ایونٹ اور تمام لوگوں کے لیے بڑے جشن کا موقع ہے۔‘
’آج ہم فٹبال میں ایک نئے دور کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور ورلڈ کپ تمام لوگوں کے اکھٹے ہونے کی جگہ ہے۔‘
فیفا کے صدر نے ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے سرکاری اعلان سے قبل رکن فیڈریشنوں کو سعودی عرب کی فائل پیش کی۔
فیفا نے تصدیق کی کہ 2034 کی میزبانی کےلیےا سکروٹنی کا عمل مکمل شفافیت، دیانداری اور درستگی سے مکمل کیا گیا۔
ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی بولی کورکن فیڈریشنز سے مکمل اتفاق رائے حاصل ہوا ہے۔
ورلڈ کپ 2034 میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی اور سعودی عرب کے پانچ شہروں ریاض، جدہ، الخبر، نیوم اور ابہا میں میچ منعقد کیے جائینگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں