پاک چین دوستی

پاک چین دوستی کا رنگ کھیل میں بھی نمایاں، سابق ٹیسٹ کرکٹر چینی ٹیم کے کوچ مقرر

چینی حکومت اور محمد رمضان کے درمیان ایک سالہ مدت کیلئے بطور ہیڈ کوچ کا معاہدہ پاک چین دوستی کا بہترین عکاس قرار دیدیا گیا

پاک چین دوستی اور گہرے برادرانہ تعلقات میں اب کھیل بھی نمایاں کردار ادا کرنے لگا، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد رمضان کو چین کی طرف سے ایک مرتبہ پھر اپنی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا۔
چین کی حکومت کی جانب سے محمد رمضان کو دوسری مرتبہ اپنی قومی کرکٹ ٹیم کی تربیت کے لیے ذمہ داری سونپنے کے لئے رابطہ کیا گیا تو سابق ٹیسٹ کرکٹر نے قومی جذبہ کے تحت دوست ملک کی پیش کش کو بصد احترام قبول کر لیا۔

چین کی حکومت اور محمد رمضان کے درمیان ایک سالہ مدت کے لیے بطور ہیڈ کوچ ذمہ داری ادا کرنے کا معاہدہ کرنے کے حوالے سے ایک سادہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں اس معاہدے پر دستخط کئے گئے۔

واضح رہے کہ محمد رمضان 2023 میں چین کی قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے محمد رمضان نے 1997 میں راولپنڈی میں جنوبی افریقہ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 36 رنز بنائے تھے۔

اس کے علاوہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 10ہزار 478 رنز بنانے والے محمد رمضان نے ڈومیسٹک کرکٹ میں مختلف اداروں کی نمائندگی کر رکھی ہے، ان اداروں میں پی این ایس سی، کے آر ایل، پاکستان ریلویز، پاکستان کسٹمز اور یو بی ایل شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں