آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج نے پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کی، سکیورٹی فورسز نے انہیں ضلع خیبر کے علاقے راجگال میں پکڑ لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے بتایا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے خوارج کے گروپ کی طرف سے کی جانے والی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 4 خوارج کو جہنم واصل بھی کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خوارج کے اس گروپ کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار نے جام شہادت بھی نوش کیا، شہید ہونے والے 22 سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہی تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان افغان عبوری حکومت سے مسلسل موثر بارڈر مینجمنٹ کا تقاضا کرتا چلا آ رہا ہے، امید ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی، افغان عبوری حکومت پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین مزید استعمال نہیں ہونے دے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی طرف سے ضلع خیبر کے علاقے راجگال میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرنے کے ساتھ ساتھ شہید سپاہی عامر سہیل کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا ہے۔