امریکا میں موجود ڈائرز برگر نامی فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ اپنے گوشت کو 100سال پرانے تیل میں فرائی کر کے برگر تیار کرتا آ رہا ہے۔
Dyer’s Burgers امریکا کے شہر میمفس کا ایک مشہور و معروف ریسٹورنٹ ہے جو گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے سے اپنے گوشت کو 100سال پرانے تیل میں ہی فرائی کرتا آ رہا ہے۔
ریسٹورنٹ کے مالک کا دعوی ہے کہ یہ ایک سو سال پرانا تیل ہی اس کے برگر کو مزیدار بناتا ہے اور اس کی کامیابی کا اصل راز بھی یہی تیل ہے۔
ایلمر ڈائر نامی شہری نے 1912 میں امریکا کے شہر میمفس میں اس ریسٹورنٹ کی بنیاد رکھی تھی اور اس کے اپنے برگر کے کبابوں کو ذائقہ دار بنانے کے لئے مسالحوں کے اپنے خفیہ مرکب کا استعمال کیا جو کہ کامیاب ثابت ہوا۔
وقت کے ساتھ ساتھ لوگ ڈائیرز کے برگر کو کافی زیادہ پسند کرنے لگے لیکن ایک رات باورچیوں میں سے کوئی ایک برتن میں تیل کو بدلنا بھول گیا۔ اس حوالے سے ریسٹورنٹ کے موجودہ مالک کینڈل رابرٹسن کا دعوی ہے کہ اگلے دن کوئی ملازم آیا اور اس نے ایک گاہگ کا آرڈر اسی تیل میں بنا دیا۔
اس گاہگ نے جب اس پرانے تیل میں فرائی کئے گئے کباب سے تیار شدہ برگر کھایا تو اس نے کہا کہ یہ میری زندگی کا بہترین برگر ہے۔ بس اسی کے بعد سے تیل کبھی تبدیل نہیں کیا جاتا اور تمام برگر اسی تیل میں تیار کئے جاتے ہیں۔