جنوبی افریقہ کی ٹیم نے سینچورین ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کو 2 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
جنوبی افریقہ نے 148 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیمبا باووما 40 اور ایڈن مارکرم 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ان کے علاوہ کگیسو رباڈا نے 31 اور مارکو جانسن نے 16رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔
سینچورین ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام تک جنوبی افریقہ نے 3 وکٹ کے نقصان پر 27 رنز بنائے تھے، ایڈم مارکرم 22 اور کپتان ٹمبا باووما بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود تھے۔
پاکستانی پیسر محمد عباس نے ایڈم مارکرم کو 37 رنز پر آئوٹ کر دیا۔اس کے بعد میزبان ٹیم کے کپتان ٹمبا باووما 40 رنز بنا کر عباس کا ہی شکار بنے۔
ڈیوڈ بیڈنگھم کو بھی عباس نے 14 رنز پر پویلین واپسی کی راہ دکھا دی، کائل ویرینی کو نسیم شاہ نے جبکہ کاربن بوچ کو بھی محمد عباس نے ہی آئوٹ کیا۔
یاد رہے کہ ٹیسٹ سیریز کے اس پہلے میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 211 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 301 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی تھی جبکہ گرین کیپس نے دوسری اننگز میں 237 رنز بنائے تھے۔