وفاقی حکومت آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے، جس دن پیپلز پارٹی حکومتی حمایت ختم کر دیگی، وفاقی حکومت بھی ختم ہو جائے گی،شازیہ مری
پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے حوالے سے سخت ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت متواتر ایسے فیصلے کر رہی ہے جن کے حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا جا رہا۔
پاکستان میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام پر اعتماد میں نہیں لیا، اتھارٹی کے قیام کے فیصلے پر حکومت سندھ اور پی پی پی دونوں کو بے خبر رکھا گیا، بار بار یہ بات دہرا رہے ہیں کہ وفاقی حکومت کی حمایت ختم کر دی تو وہ ختم ہو جائے گی۔
شاید مسلم لیگ ن کو اس بات کا ادراک نہیں، کافی وقت سے یہ بھی مطالبہ کر رہے ہیں کہ قومی مفاداتی کونسل کا اجلاس بلایا جائے، گیارہ ماہ گزر گئے تاحال مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نہیں بلایا گیا۔ وزیراعظم آئینی طور پر تین ماہ میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے رائے اور معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں لایا جائے، اہم قومی امور پر آئین کو سبوتاژ ،اتحادیوں اور صوبوں کو اعتماد میں لئے بغیر فیصلہ کرنا دانشمندی نہیں، وفاقی حکومت کی روش سمجھ سے بالاتر ہے اس طرح فاصلے بڑھیں گے۔
ملک کو آئینی و قانونی طرز عمل پرچلایا جائے تو وہ سب کے لئے بہتر ہو گا، میری ٹائم سیکٹر پر ٹاسک فورس کی سفارشات، بحری امور اور کے پی ٹی تجاویز سے قبل اتحادیوں اور صوبوں کی رائے لازمی لی جائے۔