صائم ایوب

صائم ایوب کو علاج کے سلسلے میں فوری طور پر لندن بھیجنے کا فیصلہ

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے یہ فیصلہ ڈاکٹرز سے مشاورت کے بعد کیا، انہوں نے صائم ایوب سے خود بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ میچ کے دوران انجرڈ ہونے والے قومی کرکٹر صائم ایوب کو علاج کے لیے فوری لندن بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی سی بی کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے یہ فیصلہ ڈاکٹرز سے مشاورت کے بعد کیا ۔

محسن نقوی نے خود بھی ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے پاکستانی بیٹر کی خیریت دریافت کی اور صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لندن کے سپورٹس آرتھو کے ماہر ڈاکٹرز ان کا چیک اپ کریں گے، لندن کے سپورٹس آرتھو کے ماہر ڈاکٹرز کے ساتھ اپوائمنٹ طے کر لی گئی ہے۔

پاکستان میں ڈاکٹر ممریز علاج معالجے کے سارے کیس کو دیکھ رہے ہیں ، ڈاکٹر ممریز نے تمام میڈیکل رپورٹس لندن بھجوا دی ہیں ۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ صائم زبردست بیٹر اور پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں۔ ان کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کیپ ٹائون سے لندن بھجوایا جائے گا، اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی ان کے ساتھ لندن جائیں گے۔

ان کے علاج معالجے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے کیونکہ ان کی انجری پر بہت تشویش ہے، دنیا کے بہترین ہسپتال میں چیک اپ اور علاج کرایا جائے گا۔

یاد رہے کہ قومی بلے باز جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انجرڈ ہوئے تھے، فیلڈنگ کے دوران ان کے دائیں پائوں کا ٹخنہ مڑ گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں