ایک شہری کی طرف سے یونان کشتی حادثے میں ہونے والی اموات کی تحقیقات کے سلسلے میں سکھر کی سیشن عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے۔
یونان کشتی حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع کے معاملے پر سکھر کی مقامی عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو طلب کر لیا ہے۔
یونان میں ہونے والے کشتی کے حادثے میں ہونے والی پاکستانی شہریوں کی اموات کی تحقیقات کے لے سکھر کی سیشن عدالت میں ایک شہری کی طرف س دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومتی لاپرواہی کے باعث بے روزگار پاکستانی غیر قانونی طریقے سے ملک سے باہر گئے، حکومتی رٹ ختم ہو چکی ہے، 75 پاکستانی اس دوران جان کی بازی ہار گئے۔
درخواست گزار کی طرف سے استدعا کی گئی ہے کہ لاپروائی برتنے پر حکومتی ذمے داروں کے خلاف روہڑی تھانے میں مقدمہ درج کیا جائے۔
درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد سیشن کورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی 15 جنوری کو طلبی کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ یونان میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی کو پیش آنے والے حادثے میں موت کا شکار ہونے والے میں 75 پاکستانی شہری بھی شامل تھے جو کہ غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے.
اس سے پہلے بھی غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے والے افراد کی کشتیاں حادثے کا شکار ہو چکی ہیں، ان حادثات میں اب سینکڑوں پاکستانی موت کے منہ میں جا چکے ہیں.
ان حادثات کے باوجود لوگ بہتر روزگار کی تلاش میں انسانی سمگلروں کے ہتھے چڑھ کر سنہرے مستقبل کے خواب دل میں سجائے غیر قانونی طریقے سے دیار غیر جانے سے نہیں کتراتے.