اینویڈیا کے سی ای او کے مطابق بہت جلد ہر سائنسدان، اے آئی محقق اور طالب علم کے ڈیسک پر اے آئی سپر کمپیوٹر ہو گا۔
اگر آپ اے آئی ٹیکنالوجی کے اس دور میں اپنا ذاتی اے آئی سپر کمپیوٹر تلاش کر رہے ہیں تو اس سلسلے میں Nvidia کے پاس آپ کے لیے ایک بڑی اچھی خبر ہے۔
اس سلسلے میں چِپ بنانے والی کمپنی اینویڈیا نے کنزیومر الیکٹرانک شو (CES) میں اعلان کیا ہے کہ وہ مئی میں پروجیکٹ Digits کے نام سے ایک پرسنل اے آئی ٹیکنالوجی پر مشتمل نیا کمپیوٹر لانچ کر رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق ڈیجیٹس ایک نئی GB10 گریس بلیک ویل سپر چِپ ہے جو اے آئی پروگراموں کو چلانے کے لیے بڑی مقدار میں پروسیسنگ پاور کی حامل ہے۔ صرف یہی نہیں، یہ ڈیسک پر فٹ بھی جاتا ہے اور عام پاور کیبل سے بھی اس کو چلایا جا سکتا ہے۔
یہ ڈیسک ٹاپ سائز کا سسٹم اے آئی پروگراموں کو 200 بلین پیرامیٹرز کے ساتھ پروسیس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی ابتدائی قیمت 3,000 ڈالرز رکھی گئی ہے۔
اینویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ اے آئی ہر صنعت کے لیے ہر ایپلیکیشن میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔ بہت جلد یہ گریس بلیک ویل سپر چِپ لاکھوں ڈویلپرز کے پاس ہو گی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہر سائنسدان، اے آئی محقق اور طالب علم کے ڈیسک پر ایک اے آئی پر مشتمل سپر کمپیوٹر کا ہونا انہیں اے آئی کو اس دور کے مطابق ڈھالنے کا اختیار فراہم کرتا ہے۔