کیا بھارتی ٹیم سری لنکا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف بیویوں کی وجہ سے ہاری ہے؟: ہربھجن سنگھ کا بی سی سی آئی سے سوال
بی سی سی آئی نے سری لنکا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف شرمناک کارکردگی کے بعد ٹیم کے لیے 10 نکاتی سخت ہدایات جاری کی ہیں جن کا مقصد ٹور اور سیریز کے دوران پیشہ ورانہ معیارات کو یقینی بنانا ہے۔
جاری کردہ ان ہدایات میں سب سے اہم کھلاڑیوں کی اپنی بیویوں اور فیملیز کے ساتھ گزارے جانے والے وقت کی مدت میں کمی اور کھلاڑیوں کو ٹیم کے ساتھ سفر کرنے کا پابند بنانا شامل کیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کے ان اقدامات کو ہدف تنقید بناتے ہوئے بھارت کے لیجنڈ اسپنر ہربھجن سنگھ کا کہنا ہے کہ بورڈ کی توجہ ان معاملات کے بجائے فیلڈ میں کھیلے جانی والی گیم پر ہونی چاہئے۔
ان کاکہنا تھا کہ اگر آپ ہاریں گے نہیں تو جیت کا مزہ نہیں آئے گا۔ آپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے ہارے، یہ ٹھیک ہے۔ دو ٹیمیں کھیل رہی ہوں تو ایک ٹیم جیتتی ہے اور ایک ہارتی ہے۔
اس سے پہلے آپ سری لنکا سے ہارے۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ شکستوں پر کوئی بحث نہیں ہو رہی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کی فتح کے بعد آپ اتنی سیریز ہار گئے۔ مسائل کو حل کرنے کے بجائے توجہ کہیں اور پر ہے۔
ہربھجن سنگھ نے مزید کہا کہ کوئی کہہ رہا ہے کہ ٹور پر بیویوں کو نہ آنے دیں۔ بیویوں کا کیا قصور ہے۔ جب کارکردگی اچھی نہیں ہوتی تو آپ کہتے ہیں کہ بیویوں اور بچوں کو نہیں آنے دیں۔ کیا ٹیم بیویوں اور بچوں کی وجہ سے ہاری ہے؟۔
ٹیم جو میدان میں کرتی اس کی وجہ سے ہارتی یا جیتتی ہے۔ ٹیم تبدیلی کے مراحل میں ہے اور اس کو ابھی کچھ وقت لگے گا۔