پی آئی اے پائلٹ کی سنگین غفلت و لاپرواہی پر کپتان اور فرسٹ آفیسر کو گرائو نڈ کر کے تحقیقات کا عمل شروع کر دیا گیا، پی آئی اے انتظامیہ
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے پائلٹ کی مبینہ غفلت و لاپرواہی نے طیارے میں سوار مسافروں کی جانوں کو شدید خطرے سے دوچار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے پائلٹ نے دمام سے ملتان آنے والی پرواز پی کے 150 طیارے کو مرکزی رن وے کی بجائے غلط رن وے پر اتار دیا۔
اس وقت ملتان میں موسم کی خرابی اور شدید دھند کے باعث پرواز کا رخ لاہور ایئر پورٹ کی طرف موڑا گیا تھا۔
جس کے بعد کپتان نے مرکزی رن وے پر لینڈنگ کے بجائے رن وے نمبر 36 ایل پر جہاز کو اتار دیا، لینڈنگ کے وقت رن وے کی تمام لائٹیں بھی آف تھیں۔
اس سنگین غفلت و لاپرواہی پر پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی انتظامیہ نے کپتان اور فرسٹ آفیسر کو گراونڈ کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متعلقہ پائلٹ اور فرسٹ آفیسر کے خلاف کارروائی شروع ہو گئی ہے، انکوائری مکمل ہونے کے بعد ہی ان کے خلاف مزید ایکشن لیا جائے گا۔