پی ٹی آئی مطالبات

پی ٹی آئی مطالبات پر حکومتی جواب تیار، 9 مئی جوڈیشل کمیشن بارے اہم فیصلہ

پی ٹی آئی مطالبات کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں، مذاکراتی کمیٹی کو چوتھے دور میں تحریری طور پر جواب دیا جائے گا، حکومتی ذرائع

حکومت نے پی ٹی آئی مطالبات پر جواب تیار کرتے ہوئے 9 مئی 2023 سے متعلق واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا پی ٹی آئی کا مطالبہ مسترد کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے 2 نکاتی مطالبات کا جائزہ لیا، اس دوران حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کمیٹی کے لئے جواب بھی تیارکر لیا۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے 9 مئی سے متعلق جوڈیشل کمیشن نہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کا موقف ہے کہ 9 مئی جی ایچ کیو پر، کور کمانڈر کے گھر حملہ ہوا۔

اس روز شہدا کی یاد گاروں اور مجسموں کی بے حرمتی کی گئی، اس دن منظم منصوبہ بندی سے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

حکومت کا موقف ہے کہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پر جوڈیشل کمیشن نہیں بن سکتا، 9 مئی سے متعلق عدالتوں میں چالان پیش ہو چکے ہیں، سانحہ9 مئی کا کوئی سیاسی قیدی نہیں۔

ذرائع کے مطابق حکومتی جواب میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے مطالبات کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے پی ٹی آئی کو جواب چوتھے دور میں تحریری طور پر دیا جائے گا۔

دوسری جانب حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کنوینیر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ ذرائع کے حوالے سے میڈیا میں آنے والی اس خبر میں کوئی صداقت نہیں کہ حکومتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے چارٹر آف ڈیمانڈز کے جواب میں اپنا موقف تیا ر کر لیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں