بھارتی سلیکٹرز کی طرف سے چیمپئنز ٹرافی کیلئے اعلان کردہ سکواڈ میں محمد سراج کی جگہ ارشدیپ سنگھ کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
موجودہ صورت حال میں بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج نے چیمپئنز ٹرافی اور انگلینڈ کیخلاف سیریز میں ون ڈے ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ورک لوڈ مینجمنٹ کی وجہ سے سراج اب 23 جنوری کو رانجی ٹرافی میں ہماچل پردیش کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے۔
بھارتی فاسٹ بولر ودربھ کے خلاف سیزن کے آخری میچ کے لیے دستیاب ہوں گے، یاد رہے کہ وہ حیدر آباد کی نمائندگی کرتے ہیں۔
یہ بھی واضح رہے کہ بھارتی سلیکٹرز نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے سراج کی جگہ ارشدیپ کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔
اس حوالے سے روہت شرما کا کہنا تھا کہ سراج پرانی گیند سے بولنگ نہیں کر پاتے، ٹیم کو ایک ایسے بولر کی ضرورت تھی جو درمیانی اور آخری اوورز میں گیند کر سکے۔
روہت شرما کے مطابق جب سراج کو نئی گیند نہیں دی جاتی تو وہ اپنا اثر کھو دیتا ہے، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اسے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا لیکن ہمارے پاس ایسے لڑکوں کی تلاش کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا جو ہمیں ورائٹی فراہم کر سکیں۔
ہمارے پاس ایسے بولرز ہیں جو نئی گیند سے گیند کر سکتے ہیں، درمیان میں گیند کر سکتے ہیں اور ڈیتھ اوورز میں گیند کر سکتے ہیں۔ ان تین گیند بازوں (جسپریت بمراہ، محمد شامی اور ارشدیپ سنگھ) کے ساتھ ہم ایسا کامیابی کے ساتھ کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی پیسر سراج نے آسٹریلیا کے خلاف پانچوں ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں انہوں نے 20 وکٹیں حاصل کی تھیں۔