سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر کارروائی کرتے ہوئے بھاری ہتھیاروں کی بڑی کھیپ کی پاکستان میں سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد سے متصل غلام خان بارڈر ٹرمینل پر سکیورٹی فورسز نے اسلحہ بردار ٹرک قبضے میں لیا، اس ٹرک سے جدید ساخت کا غیر ملکی اسلحہ اور میگزین برآمد کر لیے گئے ہیں، جنہیں ڈرائیور کیبن کے خفیہ خانوں میں چھپا کر لایا جا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق ٹرک سے برآمد کیے گئے غیر ملکی ہتھیاروں میں 26 ایم 16 رائفلز، ایم 16 اور ایم 4 رائفلز کے 292 میگزین، 10 ہزار سے زائد گولیاں، کلاشنکوف کے 9 میگزین اور 244 گولیاں شامل ہیں، اس کے ساتھ ساتھ لائٹ مشین گن کی 744 گولیاں اور بڑی تعداد میں لنکرز بھی برآمد ہوئے۔
اس کارروائی کے حوالے سے دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کی قیادت اور اس سے منسلک دہشت گردوں کی افغانستان میں موجودگی افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی ملی بھگت کا واضح ثبوت ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ بات عیاں ہے کہ افغان چیک پوسٹوں کی جانب سے فتنہ الخوراج کو سہولت کاری فراہم کی جا رہی ہے، اسلحہ کھیپ کی برآمدگی اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ خوارج افغان طالبان کی چھتری تلے یہ سب کارروائیاں کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان سفارتی ذرائع سے اس بارے میںمتعدد بار افغان طالبان تک اپنے خدشات پہنچا چکا ہے تاہم اس کے باوجود فتنہ الخوارج کی افغانستان سے دراندازی کی مذموم کوششیں جاری ہیں.