قومی ٹیم کے ہونہار سپنر نعمان علی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ہیٹرک کا کارنامہ سرانجام دے دیا۔
ملتان میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے سپنر نعمان علی نے کیون سنکلیئر، ٹیون املاچ اور جسٹن گریوز کی وکٹیں حاصل کر کے ہیٹرک کا کارنامہ سرانجام دیا۔
اس کے ساتھ وہ پاکستان کیلئے بطور سپنر ٹیسٹ میچ میں ہیٹرک کرنے والے پہلے بائولر بھی بن گئے۔ ملتان سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان کریگ بریتھ ویٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو مہنگا ثابت ہوا۔
ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کی جانب سے کریگ بریتھ ویٹ اور مائیکل لوئس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 8 کے مجموعے پر پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بائولر کاشف علی نے اپنے پہلے ہی اوور میں مائیکل لوئس کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آئوٹ کرا دیا۔
دوسری وکٹ ساجد خان نے حاصل کی، انہوں نے عامر جنگو کو اپنا شکار بنایا، اس کے بعد سپنر نعمان نے ویسٹ انڈین بیٹرز کو ٹکنے نہ دیا اور یکے بعد دیگرے 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔
انہوں نے ہیٹرک بھی کی اور اس طرح وہ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی طرف سے ہیٹرک کرنے والے پہلے سپنر بھی بن گئے۔
مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان کریگ براتھ 9، میکل لیوس 4، جسٹن گریوز ایک، عامر جینگو، ایلک اتھاناز، ٹیون املاچ اور کیون سنکلیئر صفر پر پویلین واپس لوٹے۔











