پاکستانی ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین نے شوبز انڈسٹری کے تاریک و مکروہ چہرے سے نقاب اتارتے ہوئے کئی تلخ باتیں کر دیں، جو وائرل ہو گئیں۔
نادیہ حسین ایک اداکارہ، ماڈل، بزنس وومن اور کانٹینٹ کریئٹر بھی ہیں اور وہ کئی شعبوں میں کام کررہی ہیں، وہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے فیشن انڈسٹری کا حصہ ہیں۔
گزشتہ دنوں ایک پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں پر انھوں نے شوبز انڈسٹری کے تاریک پہلوں اور ناجائز تعلقات پر بڑا کھل کر بات چیت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سب کچھ دیکھا ہے اور وہ جانتی ہیں کہ شوبز انڈسٹری میں بند دروازوں کے پیچھے کیا کچھ ہوتا ہے۔
انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ کس طرح بااثر لوگ عموما مرد کام حاصل کرنے کے خواہشمند نوجوان لڑکے لڑکیوں سے ناجائز مطالبات کرتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں پہلے ہی اپنی پہچان حاصل کرنے کے باوجود انھیں بھی کئی مواقع پر ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک بار انہیں ایک پروگرام کی میزبانی کی پیشکش کی گئی اور ان سے ایک خصوصی ڈنر کی بھی توقع کی گئی، انہوں نے واضح طور پر اس پیشکش کو ٹھکرا دیا اور وہاں نہیں گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ہمیشہ اپنی حدود کے بارے میں بہت واضح رہی ہیں۔ لیکن شوبز میں کام حاصل کرنے کے خواہشمند لڑکے اور لڑکیاں بااثر افراد کی ناجائز خواہشات بھی پوری کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
یہ انکشاف بھی انہوں نے کیا کہ وہ ایسی خواتین کو جانتی ہیں جنہوں نے ایسے کام کیے، وہ ان سے کچھ نہیں کہتیں کیونکہ یہ ان کا اپنا فیصلہ تھا اور ان لوگوں کے اعمال کا ان کی زندگی سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کے بقول شادی شدہ لوگ بھی ایسی سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہیں اور ان لوگوں پر دوسروں کو اتنی آسانی سے شک بھی نہیں ہوتا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے یہ باتیں صرف شوبز انڈسٹری میں ہی نہیں بلکہ تمام انڈسٹریز میں ہو رہی ہیں۔