ولیمہ بعد میں! پہلے میچ، دلہن کی انوکھی خواہش پوری ہونے پر دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز نوبیاہتا جوڑا سرخیوں میں آ گیا۔
ملتان کے کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ دیکھنے کیلئے آنے والے نوبیاہتا جوڑے نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلے جانے والے ملتان ٹیسٹ میچ کے پہلے روز دلہا اور دلہن نے ولیمہ چھوڑ کر اسی لباس میں اسٹیڈیم کا رخ کر لیا، ان کے اس انداز نے فینز کو چونکا دیا۔
اس موقع پر دلہن نے اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے کبھی اسٹیڈیم میں میچ نہیں دیکھا، یہ میری دیرینہ خواہش تھی کہ میں ذاتی طور پر اس کا تجربہ کروں، آج میرے شوہر نے یہ خواہش پوری کر دی، اس پر میں بہت خوش ہوں۔
کرکٹ کے اتنے ہی شوقین دلہا نے کہا کہ آج ہماری شادی ہے لیکن میں نے اپنی دلہن کی انوکھی خواہش پر ولیمہ چھوڑ کر اسٹیڈیم آ کر پاکستان اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی حمایت کی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ میری دعا ہے کہ پاکستان یہ ٹیسٹ میچ جیتے۔
دریں اثنا سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم کو اپنی پہلی اننگز میں صرف 163 رنز پر آئوٹ کردیا تھا بعدازاں گرین شرٹس کی پوری ٹیم بھی محض 154 پر ہی ڈھیر ہو گئی۔
دوسرے اننگز میں ویسٹ انڈیز نے بہتر کارکردگی دکھائی اور پاکستان کو جیت کے لئے 254کا ہدف دیا، جس کو حاصل کرنے کے لئے پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔











