خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، دہشت گردوں کے خلاف پرعزم ہیں، آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 اور 30 جنوری کی شب سکیورٹی فورسز کی طرف سے دہشت گردوں (خوارج) کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے جنرل ایریا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
سکیورٹی فورسز کی اس کارروائی میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 خوارج جہنم واصل ہو گئے جب کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے میجر اور ایک سپاہی نے بھی شہادت کا رتبہ پا لیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں بہادر افسر میجر حمزہ اسرار (عمر 29 سال، ساکن ڈسٹرکٹ راولپنڈی) جو دستے کی قیادت کر رہے تھے شہید ہو گئے۔ سپاہی محمد نعیم (عمر 26 سال، ساکن ڈسٹرکٹ نصیر آباد) بھی دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کی خاطر جان قربان کر گئے اور شہادت کو گلے لگایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا۔ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ترجمان کے مطابق ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
شہدا:
سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے والے میجر حمزہ اسرار شہید کی عمر 29 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع راولپنڈی سے تھا۔ میجر حمزہ اسرار شہید نے 9 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔ ان کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی۔ میجر حمزہ اسرار شہید نے سوگواران میں اہلیہ، والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔
ان کے علاوہ 26 سالہ سپاہی محمد نعیم شہید ضلع نصیر آباد کے رہائشی تھے۔ انہوں نے 6 سال پاک فوج میں رہتے ہوئے وطن کادفاع کیا اور اپنے سوگواران میں والدین کو چھوڑا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کرتے ہوئے کارروائی میں میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہدا کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے بیٹوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔