دنیا بھر کے شائقین کرکٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کا یہ دلچسپ مقابلہ براہ راست گرائونڈ میں جا کر دیکھ پائیں گے۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان 11 سے 15 جون تک لارڈز کے گرائونڈ میں شیڈول ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میچ کے سلسلے میں ٹکٹوں کی فروخت کی تاریخ سامنے آ گئی۔
اس حوالے سے دنیا بھر کے شائقین کرکٹ یہ دلچسپ مقابلے براہ راست گرائونڈ میں جا کر دیکھ پائیں گے، اس مقصد کے لیے ان کو بڑی بے تابی کے ساتھ ٹکٹوں کا انتظار ہے۔
اب آئی سی سی کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ اب 31 جنوری سے فائنل ٹیسٹ میچ کے ٹکٹ حاصل کر پائیں گے، رجسٹرڈ شائقین کے لیے ٹکٹس کی ونڈو 29 جنوری کو کھول دی جائے گی۔
یاد رہے کہ عالمی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا 69.44 فیصد کے ساتھ پہلے جبکہ آسٹریلیا 63.73 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
دسمبر 2024 تا جنوری 2025 کے دوران کھیلی گئی گواسگر بارڈر ٹرافی میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر عالمی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا جبکہ جنوبی افریقا نے پاکستان کو ٹیسٹ میں شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی تھی۔