موسیقار نے صرف 33 سال کی عمر میں اے آررحمان، اریجیت سنگھ، پریتم اور دلجیت دوسانجھ جیسے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بھارت کی میوزک انڈسٹری میں اے آررحمان موجودہ دور میں شہرت کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور بکس آفس پر ریکارڈ قائم کرنے والی کئی فلموں کی موسیقی بھی ترتیب دے چکے ہیںْ
وہ بالی وڈ کے مہنگے ترین موسیقار تصور کیے جاتے ہیں لیکن ایک اور موسیقار بھی ہیں جنہوں نے معاوضے کے اعتبار سے ان کو اور دیگر بڑے ناموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بھارت میں فلمی موسیقی کو یادگار بنانے والے چند نامور موسیقاروں میں سے ایک انیرودھ روی چندر نے انڈسٹری میں تہلکہ مچاتے ہوئے سب موسیقاروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
انیرودھ نے صرف 33 سال کی عمر میں رحمان، اریجیت سنگھ، پریتم اور دلجیت دوسانجھ جیسے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ کر بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے موسیقار کا مقام حاصل کر لیا۔
سب سے مہنگے موسیقار بننے والے انیرودھ نے اپنے کیریئر کی شروعات 2012 میں سپر ہٹ گانے وائے دس کولیوری دی سے کی، جو فلم 3 کا حصہ تھا، یہ گانا وائرل ہو کر بین الاقوامی سطح پر ہٹ ہو گیا اور یوٹیوب پر 450 ملین ویوز حاصل کر چکا ہے۔
انیرودھ نے اس کے بعد کئی سپر ہٹ فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی، جو ویجے، رجنی کانت، سمانتھا رتھ پربھو اور شاہ رخ خان جیسے سپر اسٹارز پر فلمائے گئے ہیں۔
انیرودھ نے 2023 میں بالی ووڈ میں شاہ رخ خان کی فلم جوان کے ساتھ اپنا ڈیبیو کیا اور اپنی فیس کے لحاظ سے نامور موسیقار رحمان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، جہاں رحمان عام طور پر 7 سے 8 کروڑ روپے لیتے ہیں، وہیں انیرودھ نے جوان کے لیے 10 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیا۔
اس کے بعد 2024 میں انیرودھ نے این ٹی راما را جونیئر کی فلم دیورا اور تامل فلم جیلر اور لیو کے لیے بھی موسیقی ترتیب دی، ان کی فیس ہر پروجیکٹ کے لیے 8کروڑ روپے رہی، جس کے نتیجے میں وہ بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے موسیقار بن گئے۔