آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے لئے پاکستان کے 15رکنی اسکواڈ میں آل رائوندر فہیم اشرف کو شامل کرنے پر سلیکشن کمیٹی شدید تنقید کی زد میں آ گئی۔
سلیکشن کمیٹی کے رکن اسد شفیق نے گزشتہ روز ٹیم کا اعلان کیا، جس میں کپتان محمد رضوان، نائب کپتان سلمان علی آغا کے علاوہ بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، سعود شکیل، طیب طاہر، عثمان خان، ابرار احمد، حارث رئوف، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے اسکواڈ میں 4 کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے، جس میں سعود شکیل، فخر زمان، آل رائوندر فہیم اشرف اور خوشدل شاہ شامل کئے گئے ہیں۔
کرکٹ فینز کی جانب سے سعود شکیل اور فہیم اشرف کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرنے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، فینز نے تنقید کیلئے سوشل میڈیا کا رخ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیم کو فاسٹ بولر آل رائونڈر ہی چاہیے تھا تو عامر جمال کی صورت میں موجود تھا۔
ایک فین نے سلیکشن کمیٹی پر سوال اٹھایا کہ ہر اہم ایونٹ سے قبل فہیم اشرف کیسے اسکواڈ کا حصہ بن جاتے ہیں؟۔ ایک اور صارف نے فہیم اشرف کے انتخاب کو “بدقسمتی” اور “قابل اعتراض” قرار دیا۔
یاد رہے کہ فہیم اشرف نے اپنا آخری ون ڈے میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف 11 ستمبر 2023 میں ایشیا کپ میں کھیلا تھا جس میں پاکستان کو بدترین شرکت کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔