مہر بانو قریشی

مہر بانو قریشی کارکنوں سمیت دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار

ملتان میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی رہنما مہر بانو قریشی اور 10 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران سابق رکن قومی اسمبلی جاوید ہاشمی کے داماد زاہد بہار ہاشمی اور ملتان سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر دلیر مہار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

اس حوالے سے پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مہر بانو قریشی سمیت تینوں افراد کو پل چٹھہ سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا جبکہ ریلی نکالنے پر پی ٹی آئی کے 10 سے زائد کارکن بھی گرفتار کر لیے گئے۔

پولیس نے دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے پر ریلی کے شرکا پر دھاوا بولا اور لوگوں کو پکڑا، دونوں رہنمائوں اور چند کارکنوں کی گرفتاری کے بعد تمام کارکنان منتشر ہو گئے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے احتجاج کی کال دی گئی تھی، جس کے پیش نظر چوک گھنٹہ گھر، چونگی نمبر 9، نواں شہر چوک اور چوک کچہری سمیت مختلف چوک پر پولیس کی نفری تعینات تھی، اس کے ساتھ ساتھ مختلف چوراہوں پر قیدی وینز بھی موجود رہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت ہر قسم کے جلسے، جلوس احتجاج اور ریلی پر پابندی عائد ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں