تلخ کلامی

اداکار فیروز خان اور خاتون صحافی میں تلخ کلامی کی ویڈیو وائرل، وجہ کیا تھی؟

سوشل میڈیا صارفین نے اداکار کو مغرور قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فیروز خان کو خاتون صحافی سے تلخ کلامی پر معافی مانگنی چاہئے۔

اداکار فیروز خان اور ایک خاتون صحافی کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، یہ واقعہ ایک پریس کانفرنس کے دوران پیش آیا۔

اداکار فیروز خان یوٹیوبر راحم پردیسی کے ساتھ ہونے والے باکسنگ میچ کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں ڈھائی گھنٹے تاخیر سے پہنچے۔ اس پر خاتون صحافی کی طرف سے تنقید کی گئی۔

خاتون صحافی نے کہا کہ میڈیا کو سختی سے تین بجے پہنچنے کی تاکید کی گئی تھی اور سب وقت پر موجود تھے، مگر فیروز خان کی دیر سے آمد کی وجہ سے مین اسٹریم میڈیا کے بیشتر نمائندے جا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فنکاروں کو شہرت اللہ کے کرم کے ساتھ ساتھ مداحوں اور میڈیا کی سپورٹ سے ملتی ہے۔ اس پر فیروز خان نے کہا کہ کیا میڈیا اسٹار بناتا ہے؟ جبکہ میڈیا تو پچھلے تین سال سے میرے خلاف ہے۔

خاتون صحافی نے اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ میڈیا ہی فنکاروں کو سپورٹ اور پروموٹ کرتا ہے، مگر یہاں موجود افراد پچھلے ڈھائی گھنٹے سے انتظار کر رہے ہیں۔

اس پر فیروز خان نے تاخیر کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے گھر میں گرم پانی نہیں آ رہا تھا، جس پر خاتون صحافی نے اس جواز کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی مذاق نہیں اور کسی کو اتنی دیر انتظار کروانا غیر مناسب ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فیروز خان کے اس غیر پیشہ ورانہ رویے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ فیروز خان خاتون صحافی سے بدتمیزی کے انداز میں بات کر رہے ہیں۔ کچھ صارفین نے اداکار کو مغرور قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیروز خان کو معافی مانگنی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں