لیبیا کشتی حادثہ

لیبیا کشتی حادثہ ؛ ڈوبنے والوں میں کتنے پاکستانی شامل تھے؟ دلخراش انکشافات

لیبیا کشتی حادثہ کے دوران ڈوبنے والے 73 افراد میں سے 63 پاکستانی تھے، ان میں سے بیشتر جاں بحق ہو گئے، دفتر خارجہ

حادثے کا شکار ہونے والی تارکین وطن کی کشتی میں مجموعی طور پر 86 افراد سوار تھے، جاں بحق ہونے والوں کی اکثریت کا تعلق کرم اور باجوڑ کے اضلاع سے ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے قائمہ کمیٹی کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ لیبیا کشتی حادثہ میں ڈوبنے والے 73 میں سے 63 پاکستانی تھے، جن میں سے بیشتر جاں بحق ہو گئے ہیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو دی گئی بریفنگ میں دفتر خارجہ کے حکام نے بتایا کہ حادثے میں 2 پاکستانی شہری زندہ بچ گئے، جنہوں نے اطلاع دی کہ 63 پاکستانی اور 10بنگلا دیشی کشتی میں سوار تھے۔

المناک حادثے کے دوران کشتی میں سوار افراد کی اکثریت جاں بحق ہو گئی اور جاں بحق پاکستانیوں کی اکثریت کا تعلق کرم اور باجوڑ کے قبائلی اضلاع سے ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی اسمگلنگ کے لیے ہم نے انٹر پول کے ساتھ رابطے مضبوط کیے ہیں تاکہ گروپس کو پکڑا جا سکے۔ انسانی اسمگلروں کے خلاف ملکی سطح پر وزارت داخلہ کو کردار ادا کرنا ہو گا۔

وزیراعظم نے ایسے واقعات کو روکنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔ ہم میڈیا مہم بھی چلا رہے ہیں جو لوگوں میں آگاہی فراہم کرے گی تاکہ غیر قانونی طریقے سے یورپ میں داخل نہ ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں