سابق بھارتی کرکٹر روی شاستری کا کہنا ہے کہ ہوم کنڈیشنز میں پاکستان ایک خطرناک ٹیم ہے، وہ آئی سی سی ریویو میں اظہار خیال کر رہے تھے۔
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کے حوالے سے آئی سی سی ریویو میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر روی شاستری کا کہنا تھا کہ جب بھی آپ اس خطے میں ہوم گرائونڈ پر کھیلتے ہیں تو دبا رہتا ہے ، چاہے یہ ٹیمیں بھارت، سری لنکا، بنگلا دیش یا پاکستان کی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستان نے گزشتہ 6 سے 8 مہینوں میں بڑی اچھی پرفارمنسز کا مظاہرہ کیا ہے ، خاص کر پاکستان ٹیم کی جنوبی افریقا میں کارکردگی اچھی رہی ہے۔
سابق بھارتی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے صائم ایوب کو ٹاپ آرڈر میں مس کیا ہے، صائم ایوب بڑے اہم کھلاڑی ہیں، پاکستان ٹیم کو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا چاہیے، وہاں ہر کسی کا اپنا کھیل ہو گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر پاکستان ٹیم ناک آئوٹ مرحلے میں پہنچتی ہے تو وہ کسی بھی ٹیم کے لیے خطرناک ثابت ہو گی، پاکستان ٹیم ناک آئوٹ مرحلے میں دگنی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی بولنگ بہت بہت اچھی ہے ، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ حالیہ سیریز میں بڑے شاندار رہے ہیں، دونوں بولرز کسی بھی بیٹنگ لائن اپ کو پریشان کرنے کی مہارت رکھتے ہیں۔