اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5پر پی ٹی آئی رہنمائوں میں لڑائی کا واقعہ پیش آیا، عملے نے دونوں میں بیچ بچائو کرایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر پی ٹی آئی رہنمائوں فواد چوہدری اور بیرسٹر شعیب شاہین کے درمیان لڑائی ہوئی، اس موقع پر فواد چوہدری نے بیرسٹر شعیب شاہین کو تھپڑ مار دیا، جس سے وہ زمین پر گر گئے۔
دونوں رہنمائوں نے لڑائی کے دوران ایک دوسرے کو گالیاں بھی دیں۔ فواد چوہدری نے شعیب شاہین سے کہا تم ایجنسیوں کے ٹائوٹ ہو، جس پر شعیب شاہین نے فواد چوہدری سے کہا کہ اپنے کام سے کام رکھو۔
اس موقع پر موجود جیل عملے نے دونوں کے درمیان بیچ بچائو کرایا اور لڑائی سے چھڑایا۔ بعد ازاں فواد چوہدری اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے۔ تھپڑ لگنے اور نیچے گرنے سے شعیب شاہین کے بازو پر چوٹ آئی۔
اس موقع پر تحریک انصاف کی خاتون وکیل نادیہ خٹک بھی موجود تھیں، جھگڑے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کو یہ کچھ نہیں کرنا چاہیے تھا، فزیکلی جو انہوں نے کیا بہت برا کیا۔
بعدازاں پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کی بیوی نے چھڑوا لیا ورنہ ہم نے اسے اور زیادہ مارنا تھا۔
میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے کہا کہ فواد چوہدری بھگوڑا ہے، مجھے تھپڑ مارا، اس سے زیادہ جواب مل گیا ہے اس کو۔ یہ اسٹیبلشمنٹ کا ٹائوٹ ہے، بانی نے اس جھگڑے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے فواد چوہدری کا صلح کا دعوی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹ بول کر گیا ہے، اس سے کوئی صلح نہیں ہوئی۔ میں فواد کے خلاف کوئی شکایت پولیس کو نہ ہی پارٹی کو کروں گا۔ میں فواد چوہدری کو کبھی معاف نہیں کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کا ہماری پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ وہ اسٹیبلشمنٹ کا ٹائوٹ ہے۔ ان کی معاشرے میں کوئی عزت نہیں۔ فواد چوہدری کو اس کی حرکت سے بڑھ کر جواب دیا ہے۔ وہ ہماری پارٹی میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کررہا ہے۔ میرا اس کے ساتھ کوئی راضی نامہ نہیں ہوا۔