چیمپئنز ٹرافی افتتاحی تقریب

چیمپئنز ٹرافی افتتاحی تقریب ، آئی سی سی آفیشلز سمیت کون سے نامور کرکٹرز شریک؟

چیمپئنز ٹرافی افتتاحی تقریب کا لاہور میں انعقاد کیا گیا جس میں آئی سی سی آفیشلز، پی سی بی عہدیداران سمیت قومی و انٹرنیشنل کرکٹرز نے شرکت کی۔

لاہور کے شاہی قلعہ گرائونڈ میں چیمپئنز ٹرافی افتتاحی تقریب میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلر ڈائس، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھی شریک ہوئے۔

پی سی بی چیئرمین کے ایڈوائزر عامر میر اور وہاب ریاض کے علاوہ 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی قومی ٹیم کے کھلاڑی سرفراز احمد ، جنید خان ، حسن علی ، اظہر علی، محمد عامر ، شاداب خان، عماد وسیم اور حارث سہیل بھی تقریب میں شریک ہوئے،

سابق جنوبی افریقن بلے باز جے پی ڈومنی اور کیوی فاسٹ بالر ٹم سائوتھی بھی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے خطاب بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے مکمل کیا گیا ہے، پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ہونا تاریخی موقع ہے، ایک نسل اس طرح کے عالمی ایونٹس سے محروم رہی رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لئے مکمل تیار ہیں چار ٹیمیں یہاں پہنچ چکی ہیں، افغانستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور پاکستان یہاں موجود ہیں، باقی ٹیمیں اگلے 48 گھنٹوں میں یہاں پہنچ جائیں گی۔

سی ای او آئی سی سی جیف ایلڈائس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے دو ہفتوں تک شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔پاکستان کے پاس کرکٹ سے اپنے جنون کو دکھانے کا سنہری موقع ہے۔

سابق کپتان قومی ٹیم سرفراز احمد نے کہا کہ آپ سب کو یہاں خش آمدید کہتا ہوں، ہم نے 2017 میں ایونٹ جیتا اب یہ ایونٹ پاکستان میں ہو رہا ہے اور ہم اس ایونٹ کے لئے کافی پرجوش ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں