محکمہ موسمیات کی طرف سے کل سے وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک میں موسم کی صورت حال اور ممکنہ بارش کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے۔جس کے مطابق طویل خشک سالی کے بعد 18فروری سے 20فروری تک بارشی سسٹم پاکستان میں داخل ہو جائے گا۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ اس دورانیے میں اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور اندرون پنجاب بارشوں کا امکان ہے۔ اسی طرح اسلام آباد اور راولپنڈی میں پولن ہائی رہے گی اور اس میں اضافہ ہو گا۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم ابر آلود رہے گا۔ سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔بادل برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہونے سے منگل کے روز پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ طاقت ور مغربی ہوائوں کی وجہ سے 22 فروری تک ملک کا موسم بدل سکتا ہے، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں ہلکی اور تیز بارشیں ہوں گی جبکہ پہاڑوں پر برف باری کے امکانات بھی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طاقت ور مغربی ہوائوں کا یہ سسٹم ملک کے 80 فیصد تک شمالی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ یہ سسٹم کے پی کے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر پر بھی اثر انداز ہو گا، جس کی وجہ سے پہاڑوں پر برف باری اور کئی علاقوں میں تیز بارشیں ہوں گی۔
سندھ میں فی الحال موسمیاتی سسٹم کے نتیجے میں ایسا کوئی امکان نہیں، تاہم بلوچستان میں اسی سسٹم کے نتیجے میں اچھی بارشوں کے امکانات ہیں جبکہ کوئٹہ، زیارت، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور خضدار میں پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔
پنجاب میں بھی 19 تا 21 فروری تک جنوبی و وسطی علاقوں میں بارشوں کے 2 یا 3 اسپیل ہونے کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں بھی 2 یا 3 اسپیل ہوں گے۔ سندھ میں سکھر، لاڑکانہ اور کچھ دیگر علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کی توقع ہے۔