آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہونے کے ساتھ ہی بھارتی بلے باز شبمن گل نے سابق پاکستانی کپتان بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے آغاز پر پاکستان کے مایہ ناز بیٹسمین بابراعظم اہم اعزاز سے محروم ہو گئے۔آئی سی سی کی جاری کردہ نئی ون ڈے رینکنگ میں بھارتی بلے باز شبمن گل نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں دنیا کے نمبر ون بیٹر کا اعزاز حاصل کر لیا۔
25 سالہ شبمن گل نے حال ہی میں احمد آباد میں انگلینڈ کے خلاف سنچری اسکور کر کے دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کی، جو انہوں نے سب سے پہلے 2023 کے آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے دوران حاصل کی تھی۔
اب نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق بابراعظم دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ بھارت کے روہت شرما تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل پانچویں، سری لنکا کے چریتھ اسالنکا آٹھویں، اور پاکستان کے محمد رضوان 15ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
اس حوالے سے پاکستان کے سلمان علی آغا نے سب سے بڑی چھلانگ لگائی، وہ 24 درجے ترقی کر کے 48 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ان کے علاوہ مہیش تھیکشانا دنیا کے نمبر ون ون ڈے بولر بن گئے ہیں۔ سری لنکا کے اسپنر مہیش تھیکشانا نے افغانستان کے راشد خان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے کرکٹ کے نمبر ون بولر کا اعزاز حاصل کیا۔
وہ آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی کی بدولت یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں شامل نہیں ہے۔
بولرز میں راشد خان دوسرے نمبر پر چلے گئے جبکہ بھارت کے کلدیپ یادیو نے چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔ آل رائونڈرز میں محمد نبی کی بادشاہت برقرار ہے۔
آل رائونڈرز رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر ایک درجہ ترقی کر کے چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔