نئی دہلی ۔مشہور بھارتی اداکارہ حنا خان زندگی کے ایک مشکل ترین مرحلے سے گزر رہی ہیں، جہاں وہ بریسٹ کینسر جیسے مہلک مرض کے خلاف لڑائی لڑ رہی ہیں۔
اداکارہ میں گزشتہ برس بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد سے وہ شوبز میں کم ہی نظر آ رہی تھیں۔ تاہم، حال ہی میں انہوں نے اپنی بیماری اور علاج سے متعلق مداحوں کو اپڈیٹ فراہم کی ہے۔
حنا خان نے بتایا کہ وہ کیموتھراپی اور سرجری کے مراحل سے گزر چکی ہیں اور اب امیونوتھراپی لے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “اب سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے، اور میں بہتر محسوس کر رہی ہوں۔”
اداکارہ نے اپنی ہمت اور حوصلہ بڑھانے پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “آپ سب نے میرا حوصلہ بڑھایا، جس کے لیے میں دل سے شکر گزار ہوں۔”
حنا خان سوشل میڈیا پر وقتاً فوقتاً کینسر سے متعلق آگاہی فراہم کرتی رہی ہیں اور اپنی صحت کے سفر کے بارے میں بھی مداحوں کو اپڈیٹ دیتی ہیں۔
حنا خان کی یہ گفتگو ایک ایوارڈ شو میں ایک خاتون فوٹوگرافر نے ریکارڈ کی اور انسٹاگرام پر شیئر کی، جس پر مداحوں نے اداکارہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں اپنی صحت کا زیادہ خیال رکھنے کی تاکید کی۔
اداکارہ کی ہمت اور مثبت رویہ بے شمار لوگوں کے لیے ایک مثال ہے، اور مداح ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔