پرویز خٹک کو وزیراعظم کا مشیر بنانے پر اختیار ولی پارٹی قیادت سے ناراض

اسلام آباد ۔پی ٹی آئی کے دور حکومت میں وزیر دفاع رہنے والے پرویز خٹک کو وزیراعظم کا مشیر مقرر کیے جانے پر مسلم لیگ ن کے رہنما اختیار ولی پارٹی قیادت سے ناخوش ہیں۔

اختیار ولی نے اپنے جذبات سوشل میڈیا پر ظاہر کرتے ہوئے پارٹی کی مرکزی قیادت پر تنقید کی۔

پارٹی کے سینیئر رہنما نے صوبائی ایڈیشنل سیکرٹری، چیف کوآرڈینیٹر یوتھ اور سی ای سی کے ممبر کے طور پر اپنے عہدوں سے استعفی دینے کے لیے مشاورت کا آغاز کر دیا۔

اختیار ولی کا کہنا تھا کہ مرکزی قیادت سے کسی قسم کا رابطہ نہیں کیا، انہیں عہدوں یا وزارت کی کوئی ضرورت نہیں، اور یہ کہ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن کی حالت کو پارٹی کو خود ہی سمجھنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاست ہمیشہ مفاہمت اور مصلحت کا شکار رہی ہے، لیکن مصلحت میں اپنی پہچان کو نہیں کھونا چاہیے۔

یاد رہے کہ اختیار ولی پرویز خٹک کے سیاسی حریف رہ چکے ہیں اور کئی مرتبہ انتخابات میں ان کے مد مقابل رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں