وکٹ کیپر جوش انگلس کی اپیل کے باوجود آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے امپائر کو اپیل پر عمل کرنے کے لیے منع کر دیا۔
آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے افغانستان کے خلاف میچ کے 47 ویں اوور میں نور احمد کے خلاف رن آئوٹ کی اپیل واپس لے کر اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کر دیا۔
لاہور میں جاری چیمپئنز ٹرافی کے نویں میچ میں آسٹریلیا کے کپتان کی جانب سے اس وقت اسپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کیا گیا جب وکٹ کیپر جوش انگلس نے اوور پکارے جانے سے قبل نور احمد کے کریز چھوڑنے پر بیلز اڑائیں۔
افغان بیٹر نور احمد کی جانب سے کریز چھوڑنے کا مقصد رن لینا نہیں تھا بلکہ غلطی سے بال کو ڈیڈ سمجھ کر وہ ساتھی بیٹر عظمت اللہ عمر زئی سے بات کرنے بیچ پچ پر چلے گئے تھے، جبکہ بال لائیو تھی اور امپائر نے اوور نہیں کہا تھا۔
ری پلے میں دِکھایا گیا کہ نور کریز سے باہر ہیں لیکن اسٹیون اسمتھ نے فوران امپائرز کی جانب اشارہ کر کے اپیل پر عمل کرنے منع کر دیا۔
اس حوالے سے اصول واضح ہے کہ اگرچہ افغان بیٹر کا مقصد رن لینا نہیں تھا لیکن جب تک بال ڈیڈ نہ ہو جائے کریز سے باہر ہونے پر اگر وکٹ پر گیند مار دی جائے تو رن آئوٹ قرار دیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے دیکھا جائے تو اگر اسٹیون اسمتھ اپیل واپس نہیں لیتے تو افغان بیٹر نور کو آئوٹ قرار دے دیا جاتا۔
واضح رہے کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 273 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔
اس ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے 12.5 اوورز میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 109 رنز بنا لیے تھا کہ میچ کو بارش کی وجہ سے روک دیا گیا۔