دبئی ۔آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف مقابلے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور دبئی کی کنڈیشنز سے بھی بخوبی واقف ہے۔
بھارتی ٹیم نے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے ہیں، لیکن اسمتھ پُراعتماد ہیں کہ ان کے کھلاڑی جلد ہی ان کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو جائیں گے۔
میچ سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ ان کی ٹیم بس اپنے انداز میں کرکٹ کھیلے گی، کنڈیشنز کا فائدہ اٹھائے گی اور 100 اوورز تک بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔ ان کے مطابق، دونوں ٹیمیں مضبوط ہیں، اس لیے یہ ایک دلچسپ مقابلہ ہوگا۔
آسٹریلوی کپتان کا ماننا ہے کہ میچ کا فیصلہ اسپن بولنگ کے خلاف بیٹنگ پر منحصر ہوگا۔ انہوں نے کہا،“میچ میں جیت اور ہار کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ اسپن بولنگ کو کیسے کھیلا جاتا ہے، خاص طور پر درمیانی اوورز میں۔ یہ ایک چیلنج ہوگا، اور مجھے لگتا ہے کہ وکٹ اسپن فراہم کرے گی، لہٰذا ہمیں اس کا حل نکالنا ہوگا۔ دیکھتے ہیں، ہم اس سے کیسے نمٹتے ہیں۔”