اسلام آباد۔تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک غیر قانونی تنظیم ہے اور ان کے اکاؤنٹس فریز کر دیے جانے چاہئیں۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ گزشتہ سماعتوں کی طرح آج بھی وہ تمام دلائل دینے کے لیے تیار تھے، تاہم لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق کیس کی پروسیڈنگز کو روکا نہیں جا سکتا، اور اب کیس کو ایک بار پھر عید کے بعد تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ کہیں الیکشن کا وقت نہ آ جائے، اور جو گزارشات پیش کی جاتی ہیں، ان کے خود انہیں بھی علم نہیں ہوتا کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں۔ یہ دعویٰ کرنا کہ وہ ورکرز کو ان کا حق دے رہے ہیں، سراسر غلط ہے۔ یہ ایک غیر قانونی تنظیم ہے۔
اکبر ایس بابر نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی جمہوریت کے فروغ کا جھوٹا دعویٰ کر رہی ہے اور انہوں نے درخواست کی کہ پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس کو فریز کیا جائے۔