وزیراعلیٰ پنجاب کے فروغ سیاحت کے لئے اہم فیصلے، 170 سیاحتی مقامات،ٹریلز کی تعمیر و بحالی کی منظوری

لاہور۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فروغ سیاحت کے لیے اہم فیصلے کرتے ہوئے پنجاب میں 170 سیاحتی مقامات اور ٹریلز کی تعمیر، مرمت اور بحالی کی اصولی منظوری دے دی ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے سب سے بڑے اور جامع ٹورازم پلان کی اصولی منظوری بھی دے دی۔ اس پلان کے تحت پنجاب بھر میں مذہبی، تاریخی، قدیمی ورثہ، آثار قدیمہ اور ایکوٹورازم کو فروغ دیا جائے گا۔ قدیم تہذیب سے قربت کا احساس دلانے کے لیے سیاحوں کے لیے ٹورسٹ ویلج بھی بنائے جائیں گے، اور پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹورازم ٹریل تیار کی جائیں گی۔

دوسری جانب، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مال روڈ، وال سٹی آف لاہور، سکھ سائٹ، جی ٹی روڈ کی مغل یادگاریں، سالٹ رینج، بھاٹی گیٹ، ٹیکسالی گیٹ، گوجرانوالہ اور ایمن آباد سکھ ٹورازم ٹریل میں شامل کی جائیں گی۔ مختلف شہروں کے سیاحتی مقامات کو ٹورازم کلسٹر کے طور پر ڈویلپ کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، گندھار تہذیب سے متعلق گندھار ٹریل میں ٹیکسلا میوزیم، دھر ما راچی کا، جو لیاں، سرکیپ اور گری قلعہ شامل ہوں گے۔ پنجاب میں گوردواروں اور گرجاگھروں کی قدیمی عمارتوں کی بحالی کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ملتان کی لیونگ ہیریٹیج سائٹ قلعہ کہنہ قاسم باغ کو وادی سندھ کی تہذیب کے نشانات کے طور پر بحال کیا جائے گا۔

مزید برآں، اُچ شریف میں زائرین کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریل ڈویلپ کی جائے گی، اور چھانگا مانگا فارسٹ پارک اور لال سوہانرا نیشنل پارک کو ایکو ٹورازم کے فروغ کے لیے ڈویلپ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی ایکٹ 2025ء کی تیاری کا بھی اعلان کیا، جس کا مقصد سیاحت کے فروغ کے لیے گورننس میں بہتری لانا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب کی پہلی ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی کی اصولی منظوری بھی دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں