اسلام آباد ۔چینی ٹیکنالوجی کمپنی نے ایک ایسا لیپ ٹاپ تیار کیا ہے جو آسانی سے شمسی توانائی سے چارج کیا جا سکتا ہے۔
چینی کمپنی لینووو کے تیار کردہ اس نئے لیپ ٹاپ کی بیرونی سطح پر سولر پینلز نصب ہیں، جو باہر کی روشنی میں ہونے پر ڈیوائس کو چارج کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
3 سے 6 مارچ تک بارسلونا میں ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس میں اس نئے یوگا سولر پی کی نمائش کی جائے گی، جس بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ صرف 20 منٹ کی سورج کی روشنی سے لیپ ٹاپ میں ایک گھنٹے کا ویڈیو پلے بیک حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اس ’انتہائی پتلے‘ لیپ ٹاپ کی موٹائی صرف 15 ملی میٹر اور وزن 1.22 کلوگرام ہے۔
اس لیپ ٹاپ کو فی الحال ایک تصوراتی پروڈکٹ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، لیکن یہ جلد ہی مارکیٹ میں دستیاب ہو سکتا ہے۔
لیپ ٹاپ کے حوالے سے لینووو کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد صارفین کو کسی بھی جگہ پر ایک پروڈکٹیو ورک اسپیس فراہم کرنا ہے، چاہے وہ اندر ہو یا باہر۔
سولر سیلز لیپ ٹاپ کی اوپر کی سطح پر لگے ہیں جہاں اسکرین موجود ہوتی ہے، اور لینووو کا دعویٰ ہے کہ ان پینلز کی روشنی کو بجلی میں تبدیل کرنے کی شرح 24 فیصد تک ہے۔