بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف وکٹ کیپر بیٹر مشفق الرحیم نے ایک روزہ کرکٹ سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں مشفق الرحیم نے کہا کہ وہ آج سے ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ رہے ہیں اور اس دوران جو کچھ حاصل کیا، اس پر وہ اللہ کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ بین الاقوامی سطح پر ہماری کامیابیاں محدود رہیں، لیکن جب بھی میں میدان میں اترا، ہمیشہ دیانت داری اور عزم کے ساتھ اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
مشفق الرحیم نے مزید کہا کہ گزشتہ چند ہفتے ان کے لیے مشکل رہے، لیکن انہوں نے محسوس کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اس فارمیٹ کو چھوڑ دیں۔ انہوں نے قرآن کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ انہیں ایمان عطا کرے اور ان کے گناہوں کو معاف فرمائے۔
سابق کپتان نے اپنے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا، جن کی محبت اور حمایت نے انہیں 19 سالہ کرکٹ کیریئر میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔
37 سالہ مشفق الرحیم نے 6 اگست 2006 کو زمبابوے کے خلاف ہرارے میں اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا، جبکہ آخری میچ 24 فروری 2025 کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا۔