اسلام آباد ۔پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سینیٹر اعجاز چوہدری کے وکیل اور سابق وفاقی وزیر بابر اعوان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے کبھی بھی مدد کے لیے ٹرمپ کی طرف نہیں دیکھا۔ بابر اعوان نے مزید کہا کہ “نظام آج کل ٹرمپ کی عزت افزائی کی مہم چلا رہا ہے، جبکہ دہشت گرد کو امریکا بھیجا گیا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی ملزم کو امریکا کے حوالے کرنا تھا تو عافیہ صدیقی کا معاملہ بھی حل کیا جا سکتا تھا۔
سابق وفاقی وزیر نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر اعجاز چوہدری کو سینٹ اجلاس میں شرکت نہ کرانے پر درخواست دائر کی گئی تھی، جس کے بعد عدالت نے سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر اعجاز چوہدری کو پیش کرنے کے لیے پروڈیکشن ارڈرز جاری کیے تھے، لیکن گزشتہ کئی اجلاسوں میں سینیٹر اعجاز چوہدری کو پیش نہیں کیا جا رہا، اور اس کی وجہ سے چیئرمین سینیٹ بھی اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے ہیں۔ بابر اعوان کے مطابق، یہ “نظام کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے” اور اس صورتحال کا الزام حکومت پر ڈالا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ملزمان کی حوالگی (extradition) کا قانون موجود ہے اور اس کے تحت ہی کسی گرفتار شخص کو بیرون ملک بھیجا جا سکتا ہے۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اگر کسی ملزم کو امریکا کے حوالے کرنا تھا تو عافیہ صدیقی کا مسئلہ بھی حل کیا جا سکتا تھا۔