108 سالہ خاتون نے منفرد عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

ٹوکیو۔جاپان کے توچیگی پریفیکچر کی 108 سالہ خاتون حجام کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کی معمر ترین حجام کے طور پر تسلیم کر لیا ہے۔

بدھ کے روز ناکاگاوا قصبے کے ایک جمنازیم میں ہاکواِشی شِتسُوئی کو ایک سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ان کی عمر 108 سال اور 115 دن ہے۔

ان کے مستقل گاہک اور دیگر مقامی افراد پھول اور کیک لے کر جشن منانے کے لیے جمنازیم میں جمع ہوئے۔

ہاکواِشی 1916 میں ناکاگاوا میں پیدا ہوئیں، اور ٹوکیو میں حجام کا لائسنس حاصل کرنے کے بعد اپنے شوہر کے ساتھ دارالحکومت میں سیلون کھولا۔ تاہم، ان کے شوہر کی دوسری جنگ عظیم میں موت ہو گئی تھی۔

انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور 8 سال کی محنت کے بعد آخرکار اپنے آبائی علاقے ناکگاوا میں دوبارہ سیلون کھولا۔

ان کا کہنا ہے کہ لمبی اور صحت مند زندگی کا راز روزانہ ورزش کرنے میں چھپا ہے اور وہ مرتے دم تک اپنا کام جاری رکھنے کا عزم رکھتی ہیں۔

ہاکواِشی کی یہ محنت اور لگن نہ صرف انہیں عالمی ریکارڈ دلوانے کا سبب بنی بلکہ 2021 میں انہیں ٹوکیو اولمپکس میں مشعل بردار بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔

آج بھی جب ان کے پرانے گاہک یا دیگر افراد ان سے بال کٹوانے کی درخواست کرتے ہیں، تو وہ خوشی سے ان کی خدمت کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں