جعفر ایکسپریس حملہ: بھارتی میڈیا کی جھوٹی خبریں اور پروپیگنڈا بے نقاب

کوئٹہ: بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد بھارتی میڈیا اور مخصوص سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلانے میں تیزی دکھائی ہے۔ بغیر کسی تصدیق کے من گھڑت خبروں اور جعلی ویڈیوز کا استعمال کر کے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق، بھارتی سوشل میڈیا ایکٹویسٹ اور کالعدم تنظیم بی ایل اے کے حامی سوشل میڈیا اکاؤنٹس اس حملے کی غلط معلومات کو پھیلانے میں پیش پیش ہیں۔ بھارتی میڈیا نے اپنی روایات کے مطابق جعلی اور پرانی ویڈیوز کے ذریعے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم کو مزید تیز کر دیا ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق، بھارتی میڈیا نے جعفر ایکسپریس حملے کی خبر کالعدم بی ایل اے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے براہِ راست لی اور اس کو بغیر کسی تصدیق کے عالمی سطح پر پھیلایا۔ اس کے علاوہ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کی مدد سے بنائی گئی جعلی ویڈیوز اور پرانی تصاویر کو حقیقت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کے ساتھ ساتھ مخصوص سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی اس مہم میں شامل ہیں، جو پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان دشمن عناصر غیر ملکی طاقتوں کے اشارے پر ملک کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کو فروغ دے رہے ہیں۔ بھارت کے کچھ میڈیا ہاؤسز اور مخصوص سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پاکستان مخالف سرگرمیاں ایک منظم سازش کا حصہ نظر آتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں