پاکستان کرکٹ ٹیم کے 22 سالہ اوپنر صائم ایوب کے کرکٹ مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔ جنوری میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں وہ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹرینر حنیف ملک کی نگرانی میں صائم ایوب کی ری ہیب کا عمل جاری ہے۔
برطانیہ میں موجود معالجین منگل کو صائم ایوب کے مکمل طبی معائنے کے بعد ان کے مستقبل کے حوالے سے اپنی حتمی رائے دیں گے۔ اسی رپورٹ کی روشنی میں یہ طے ہوگا کہ کیا صائم ایوب 11 اپریل سے شروع ہونے والی پی ایس ایل 10 میں شرکت کر سکیں گے یا نہیں۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ صائم ایوب نے باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ پاکستانی ٹرینر حنیف ملک ان کی دعوت پر لندن میں قیام پذیر ہیں اور ان کے ری ہیب میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پی سی بی سے علیحدگی اختیار کرنے والے حنیف ملک، مینٹل کنڈیشنگ، ایڈوانس بیٹنگ اسکلز اور لائف اسکلز کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ دائیں ٹخنے کی انجری کے باعث صائم ایوب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان کی نمائندگی سے محروم رہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز میں بھی ٹیم کو ان کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔