پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی مشہور اور کامیاب جوڑی قیصر نظامانی اور فضیلہ قاضی کی محبت اور شادی کی کہانی آج بھی لوگوں کے دلوں میں تازہ ہے۔
اداکارہ فضیلہ قاضی نے ایک انٹرویو میں اپنی اور قیصر نظامانی کی پہلی ملاقات اور محبت کے سفر پر دلچسپ باتیں شیئر کیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری پہلی ملاقات پاکستان ٹیلی وژن کے کوریڈور میں ہوئی۔ اس وقت قیصر نظامانی صرف سندھی ڈراموں میں کام کرتے تھے اور بعد میں اردو ڈراموں کا حصہ بنے۔
فضیلہ قاضی نے مسکراتے ہوئے ماضی کو یاد کیا اور کہا، “قیصر ہمیشہ سیٹ پر میرے پیچھے پیچھے گھومتے رہتے تھے، جس پر میں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر اتنی دلچسپی ہے تو میرے گھر رشتہ بھیج دیں!”
اداکارہ نے مزید بتایا کہ قیصر اکثر انہیں پھول دیا کرتے تھے اور بہانے بہانے سے ان کے گھر بھی آجاتے تھے۔ اس پر میں نے انہیں سمجھایا کہ ایسے بار بار آنا اچھا نہیں لگتا، کیونکہ مجھے ڈراموں میں کام کی اجازت بھی مشکل سے ملی ہے۔
فضیلہ قاضی کے مطابق قیصر نے سنجیدگی سے کہا کہ وہ ان سے محبت کرتے ہیں، جس پر میں نے مذاق میں کہا کہ پھر کیا کریں؟ اگر واقعی سچے ہیں تو رشتہ بھجوا دیں، شادی کرلیں گے!
اداکارہ نے مزید انکشاف کیا، “میرا خیال تھا کہ شادی کی بات سن کر قیصر گھبرا جائیں گے اور پیچھے ہٹ جائیں گے، لیکن وہ بالکل برعکس ثابت ہوئے۔ انہوں نے فوراً ہامی بھرلی!”
تاہم، قیصر کے والدین اس رشتے پر رضامند نہ تھے اور انہوں نے رشتہ بھیجنے سے انکار کردیا۔
لیکن قیصر نظامانی اپنے فیصلے پر قائم رہے اور اپنے والدین سے کہہ دیا کہ چاہے کچھ بھی ہو، وہ شادی یہی کریں گے۔
بالآخر محبت جیت گئی اور یہ خوبصورت جوڑی رشتہ ازدواج میں بندھ گئی۔