پاکستان سپر لیگ 10 کی ٹرافی کی منفرد انداز میں رونمائی

کراچی۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں سیزن کا آغاز 11 اپریل سے ہونے جا رہا ہے، جس کے لیے ٹرافی کی منفرد طریقے سے سمندر میں رونمائی کی گئی۔

پی ایس ایل 10 کی ٹرافی کی رونمائی کراچی کے قریب بحیرہ عرب میں کی گئی، اور اس ٹرافی کا نام ’لومینارا‘ رکھا گیا ہے۔

پاکستان نیوی کے تعاون سے بحیرہ عرب کے گہرے پانی میں ٹرافی کی رونمائی کے بعد اسے پی ایس ایل کے اسٹیک ہولڈرز کے حوالے کیا گیا۔

پی ایس ایل کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس میں دسویں ایڈیشن کی ٹرافی کی منفرد انداز میں رونمائی دکھائی گئی۔

رونمائی کے دوران ویڈیو میں پاکستان نیوی کے ہیلی کاپٹر اور اہلکاروں کو دکھایا گیا، اور ایک غوطہ خور ہیلی کاپٹر سے سمندر کے بیچوں بیچ چھلانگ لگا کر ایک باکس نکالتا ہے، جس میں پی ایس ایل کی ٹرافی موجود ہوتی ہے۔

اس مرتبہ ٹرافی کا نام ’لومینارا‘ رکھا گیا ہے جس کا مطلب “روشنی کی علامت” ہے۔ یہ 10 کلوگرام وزنی ٹرافی ٹھوس چاندی کی شیٹ اور 22,850 چمکدار زرکون پتھروں سے تیار کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کا دسویں ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی تک چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں