تاریخی ورثے کی بحالی کیلئے لاہور اتھارٹی فار ہیری ٹیج ریوائیول قائم

لاہور: پنجاب حکومت نے تاریخی ورثے کی بحالی اور تحفظ کے لیے “لاہور اتھارٹی فار ہیریٹیج ریوائیول” (لہر) کے قیام کا اعلان کر دیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور کے تاریخی مقامات سے تجاوزات ہٹانے اور ان کے تحفظ پر اتفاق کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے “لہر” کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ نواز شریف اس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے پیٹرن انچیف ہوں گے۔

اجلاس میں لاہور میں انڈر گراؤنڈ پارکنگ کے لیے پانچ مقامات کی نشاندہی کی گئی، جبکہ نیلا گنبد کی اصل حالت بحال کرنے کے لیے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ شاہی قلعہ، مقبرہ جہانگیر و نور جہاں، شالامار باغ، کامران کی بارہ دری سمیت دیگر تاریخی مقامات کی بحالی پر بھی اتفاق ہوا، جبکہ شاہ عالم مارکیٹ سے بھاٹی گیٹ تک پیدل گزرگاہ بنانے کی تجویز زیر غور آئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکلر روڈ اور تاریخی دروازوں کے اطراف تجاوزات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بھاٹی گیٹ سمیت دیگر مقامات پر رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت کی۔ نواز شریف نے متاثرین کو متبادل کاروباری جگہ اور معاوضہ دینے کی بھی تاکید کی۔

اس موقع پر میاں نواز شریف نے کہا کہ لاہور کا قدیم حسن بحال کرنا ضروری ہے، کیونکہ شہروں کی اصل شناخت کو بگاڑنا درست نہیں۔ یورپی ممالک نے بھی اپنے تاریخی شہروں کو صدیوں بعد تک محفوظ رکھا ہے، جبکہ ہمارے ہاں تجاوزات کے باعث لوگ تاریخی بازاروں میں جانا پسند نہیں کرتے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ لاہور کو اصل شکل میں بحال کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اور عوام میں شہریت اور ورثے کے تحفظ کا شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے۔ تجاوزات سے شہر کا حسن خراب ہونے نہیں دیا جائے گا، اور تاریخی دروازوں کو قدیمی انداز میں بحال کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں