پشاور زلمی اور معروف فوڈ چین کے درمیان اسپانسرشپ معاہدہ طے پا گیا

لاہور۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن سے قبل پشاور زلمی نے ملک کی معروف فوڈ چین کے ساتھ اسپانسرشپ معاہدہ کر لیا، جو کرکٹ اور کاروباری شعبے میں نئی راہیں کھولنے کا سبب بنے گا۔

یہ معاہدہ لاہور کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں طے پایا، جس میں پشاور زلمی کے صدر اور سابق قومی کپتان انضمام الحق، نامور کرکٹرز، ابرار الحق سمیت دیگر معروف شوبز شخصیات نے شرکت کی۔

معاہدے پر پشاور زلمی کی جانب سے انضمام الحق اور فوڈ چین کی جانب سے عمران اعجاز نے دستخط کیے۔ یہ ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے طے پایا ہے، تاہم اسے پانچ سال تک توسیع دی جا سکتی ہے۔

تقریب سے خطاب میں انضمام الحق اور دیگر مقررین نے اس شراکت کو کرکٹ کی ترقی کے لیے ایک مثبت اقدام قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ دونوں برانڈز کے لیے ایک کامیاب سفر ثابت ہوگا۔

تقریب کے دوران انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ کی موجودہ خراب صورتحال پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے اپنی غلطیوں سے سبق نہ سیکھا تو ملکی کرکٹ مزید زوال کا شکار ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں