غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اسلامی جہاد کے مرکزی ترجمان ابو حمزہ اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ شہید ہو گئے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے میں وسطی غزہ کے ایک رہائشی گھر کو نشانہ بنایا گیا، جو ناجی ابو سیف کی ملکیت تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق، ناجی ابو سیف المعروف ابو حمزہ اسلامی جہاد کے اہم رہنما اور ترجمان تھے۔
اس تازہ اسرائیلی جارحیت میں 400 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں وزیراعظم عصام الدعالیس، 3 وزراء اور حماس کے متعدد اراکین بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے واضح کیا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی تک حملے جاری رہیں گے۔
دوسری جانب حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی کارروائیوں نے یرغمالیوں کی جانوں کو مزید خطرے میں ڈال دیا ہے۔
