لاہور۔سابق قومی کپتان شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی علیحدگی کے حوالے سے گزشتہ چند برسوں میں کافی قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں، تاہم اب شعیب کی بہن کے حالیہ انکشافات نے اس معاملے کو ایک نیا رخ دے دیا ہے۔
ثانیہ مرزا اور ان کے اہلِ خانہ شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد مکمل خاموش ہیں، مگر شعیب کی بہن کا دعویٰ ہے کہ ثانیہ نے “شعیب کے تعلقات کے معاملات سے تنگ آ کر” خلع لی تھی۔
علیحدگی کے بعد شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے تیسری شادی کرلی اور وہ اکثر تنقید کی زد میں بھی رہتے ہیں۔ تاہم ان کی شادی میں خاندان کے افراد کی غیر موجودگی نے کئی سوالات کو جنم دیا، جن کی تصدیق اب ان کی بہن کی جانب سے بھی ہوگئی ہے۔
شعیب کی بہن نے تصدیق کی کہ وہ اور دیگر اہل خانہ شادی کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے، جس کی ممکنہ وجہ ثانیہ سے ان کی علیحدگی پر خاندان کی ناراضگی ہو سکتی ہے۔
ثانیہ کی بہن انعم مرزا نے اس سے قبل جنوری 2024 میں تصدیق کی تھی کہ ان کی بہن نے شعیب ملک کی ثنا جاوید سے شادی سے چند ماہ قبل ہی خلع لے لیا تھا۔ انعم نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ “ثانیہ نے کچھ مہینے پہلے شعیب ملک سے خلع لیا تھا، اور ہم ان کے نئے سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔”