پاکستانی شہری کا بغیر ویزا کے بھارتی فلائٹ کے ذریعے بھارت کا سفر، ممبئی ایئرپورٹ کے حکام حیران

نئی دہلی ۔پاکستانی کاروباری شخصیت وقاص حسن نے ایک دلچسپ انکشاف کیا کہ انہوں نے انڈیگو ایئر لائن کے ذریعے بھارت کا سفر کیا، جس پر کئی لوگ حیران رہ گئے۔ اگرچہ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد ویزا حاصل کرنے کے بعد بھارت جا سکتے ہیں، لیکن دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات اور سیکیورٹی وجوہات کے باعث ویزا حاصل کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ تفریحی بنیادوں پر سفر کرنا بھی بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے۔

وقاص حسن نے انڈیگو ایئر لائن کی ایک پرواز بک کی، جس میں ان کا ممبئی ایئرپورٹ پر چھ گھنٹے کا ٹرانزٹ تھا۔ وہ سنگاپور سے سعودی عرب جا رہے تھے اور ان کی پرواز کا عارضی قیام بھارت میں طے تھا۔

اپنی انسٹاگرام ویڈیو میں وقاص حسن نے وضاحت کی کہ پاکستانی شہری مخصوص حالات میں بنا ویزے کے بھارت کا سفر کر سکتے ہیں، بشرطیکہ ان کا سفر محض کنیکٹنگ فلائٹ کے ذریعے ہو۔ پاکستانی مسافروں کو ایئرپورٹ سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوتی، اس لیے خود سے چیک ان فلائٹس ان کے لیے ممکن نہیں ہوتیں۔

انہوں نے اپنی ویڈیو میں کہا، ’’اس بار میں سنگاپور سے سعودی عرب جا رہا ہوں اور اس وقت ممبئی ایئرپورٹ پر موجود ہوں۔‘‘

وقاص حسن نے اپنے مختصر قیام کو بھرپور طریقے سے انجوائے کیا۔ انہوں نے ایئرپورٹ کے لاؤنج میں وقت گزارا، کچھ یادگاری اشیاء خریدیں اور ممبئی کی مشہور اسٹریٹ فوڈ “وڑا پاؤ” کا ذائقہ بھی چکھا۔ ان کے مطابق یہ ایک “دلچسپ تجربہ” تھا۔

وقاص حسن نے بتایا کہ انہوں نے بھارتی ایئر لائن کا انتخاب کیوں کیا۔ ان کے مطابق مشرق سے مغرب جانے والی پروازیں، جیسے کہ سنگاپور سے سعودی عرب، بھارتی ایئر لائنز عام طور پر کم قیمت پر فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر لوگوں کو علم ہی نہیں کہ یہ سفر قانونی ہے، اور انہیں خود بھی ٹکٹ بک کرتے وقت کچھ خدشات لاحق تھے۔

’’میں 15 سال سے سفر کر رہا ہوں، مگر کسی نے بھی نہیں بتایا کہ پاکستانی شہری بھارت میں ٹرانزٹ کر سکتے ہیں۔ اس لیے جب میں نے یہ ٹکٹ بک کیا تو کچھ بے یقینی ضرور تھی۔‘‘

وقاص حسن نے بتایا کہ جب انہوں نے ممبئی ایئرپورٹ پر اپنا پاسپورٹ دکھایا تو امیگریشن حکام بھی حیران رہ گئے۔

’’جب میں نے اپنا پاسپورٹ دیا تو ایئرپورٹ اسٹاف مجھے حیرت سے دیکھنے لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ پاکستانی اس طرح کا سفر نہیں کرتے، اس لیے یہ ان کے لیے بھی ایک نیا تجربہ تھا۔‘‘

وقاص حسن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور لوگوں کی جانب سے مختلف آراء کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ایک بھارتی صارف نے تبصرہ کیا، ’’پاکستانی عوام کو بھارت آنے کی اجازت ہونی چاہیے اور بھارتی عوام کو پاکستان جانے کی۔ ہم سب ایک جیسے ہیں، محبت ہی سب سے بڑی طاقت ہے۔‘‘

جبکہ ایک اور صارف نے سوال اٹھایا، ’’اس میں خوشی کی کیا بات ہے کہ آپ اس ملک کے ایئرپورٹ پر رکے جہاں آپ کو باہر جانے کی اجازت ہی نہیں دی گئی؟‘‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں